0

فیصل واوڈا کی نااہلی کا خطرہ؛ الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کی درخواست مسترد


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ طلب کرلیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے روبرو فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معیز احمد نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو میرے موکل کیخلاف شکایات سننے کا اختیار نہیں۔ ہم نے اعتراض عائد کیا جیسے مسترد کردیا گیا۔الیکشن کمیشن کو نااہلی کیس سے روکا جائے۔ قرار دیا جائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار نہیں رکھتا۔ عدالت عالیہ الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی پر حکم امتناعی جاری کرے۔جسٹس امجد علی سہتو نے استفسار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آیا ہے وہ کہاں ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ دیکھنا ہوگا۔ اب تو فیصل واوڈا ایم این اے رہے ہی نہیں۔ جب ایم این اے ہی نہیں رہے تو کیا خدشہ ہے۔ بیرسٹر معیز احمد نے دلائل میں کہا کہ مسئلہ زندگی بھر کے لیے نااہل قرار دینے کا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمارا موقف بھی یہی ہے کہ الیکشن کمیشن کیس نہیں سن سکتا۔ فیصل واوڈا کیخلاف شکایات کا کوئی سر پیر نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں