0

سیلابی صورت حال کے پیش نظر ریڈالرٹ، لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ

راولپنڈی/لاہور(اساس رپورٹ)ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو چوکس کردیاگیاہے۔ خیبرپختونخوامیں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے، واساز، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔ ریسکیو 1122 کو ریڈ الرٹ کیاگیا ہے۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے اس حوالے سے ریسکیو حکام کو حکم جاری کردیا ہے۔ریسکیو حکام کو تمام انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ‘ پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے، واساز، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں، ایڈمنسٹریشن کو خود فیلڈ میں رہ کر صورتحال کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بارشوں کے پیشِ نظر وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو فوری اور ہنگامی ردِ عمل کے ساتھ ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے شہریوں کو بھی الرٹ رہنے اور خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
منگل کی صبح راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں طغیانی آگئی اور پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوگئی۔بارشوں کے باعث اسلام آباد سے بڑا پانی کا ریلا راولپنڈی میں داخل ہوا جس کے باعث گوال منڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور امدادی ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا۔
ادھرپراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)خیبرپختونخوا نے صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو وہاں پر چھو ٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنا ئی جا ئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں