0

حکومت نے عوام کو ریلیف پیکیج نہیں، مہنگائی کا پیکیج دیا ہے، شہبازشریف


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کے اعلان کے ساتھ ہی مہنگائی کا نیا طوفان آگیا۔قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بیان میں کہا کہ پٹرول نے 145 روپے لیٹر کی حد پار نہیں کی، موجودہ حکومت نے نالائقی، نااہلی، اور کرپشن کی ہر حد پار کی ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے سے زائد اضافہ مہنگائی میں اضافہ کرے گا، عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت ابھی پٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے جو ظلم ہے، حکومت آئی ایم ایف سے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی شرط کے سامنے ڈھیر ہوچکی ہے ، اس طرح ملک نہیں چل سکتا، حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے ، قوم پوچھ رہی ہے ، یہ اچھے دن لائے ہیں؟شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کے ذریعے عوام کی جیبیں خالی کرنے سے ملک اور معیشت چل سکتی ہے، نہ ہی غریب کا گھر، عوام اب صرف اس حکومت سے نجات کی دعائیں کررہی ہے، حکومت کا جانا ہی عوام کے لئے ریلیف بن چکا ہے، موجودہ حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے، ریلیف اس کے بس کی بات نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں