0

پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان؛ 28 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ


اسلام آباد: ملک میں پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے، محکمہ شماریات کے مطابق 28 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ 18.09 فیصد تک پہنچ گیا۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے جانے والے اضافے کے اثرات مہنگائی کی شرح میں اضافے کی صورت سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ 18.09 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی سے کم آمدنی رکھنے والا پسماندہ طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، اور ایسے غریب لوگوں کیلئے مہنگائی کی شرح 19.40 فیصد رہی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں ملک میں 28 اشیائے ضروریہ مہنگی، 11 اشیائے ضروریہ سستی جب کہ 12 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ مہنگی ہونے والی اشیائے ضروریہ میں دودھ ، دہی، خشک دودھ، آٹا، آگ جلانے والی لکڑی، ماچس، چاول، چائے کی پتی، سرسوں کا تیل، ٹماٹر، چکن، لہسن، مٹن، بیف، کھانے پکانے کا گھی، دال چنا، دال مسور، ٹائلٹ سوپ، کپڑا اور پٹرولیم مصنوعات شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں