0

آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی مہنگی کرنے کے پابند ہیں،وزیر خزانہ


اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ گیس کی قیمت پر کوئی پیشگی شرط نہیں ہے البتہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی شرط موجود ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ درآمدات کو برآمدات اور ترسیلات زر کے برابر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، بہت سی چیزوں کی امپورٹ پرپابندی لگانے کا فائدہ ہوا اور کچھ پر نہیں ہوا۔ ہم نے پچھلے تین مہینوں میں کوشش کی کہ درآمدات کم کریں اور خوشی کی بات ہے کہ اس ماہ اقدامات کا ثمر آیا ہے۔ جولائی میں 2.6 ملین ڈالرز کی امپورٹ ہوئی، 700 ملین ڈالرز کی تیل کی امپورٹ ہوئی،2 ملین ڈالر کی دیگر امپورٹ آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی امپورٹ میں کمی آئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آج پاکستان میں60 دن کا ڈیزل ہے، جب ڈسکاونٹ دے رہے تھے تو لوگوں نے فیول ذخیرہ کرلیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) سے معاہدہ ہوچکا ہے اور اس میں کوئی خلل نہیں۔ کوئی ایسی چیز نہیں کریں گے کہ آئی ایم ایف معاہدے میں خلل پڑے۔ ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک کے پیسے بھی آنا شروع ہوجائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں