0

احسن اقبال کا سیلاب زدگان کی مدد کیلیے وزرائے اعلی کو خط


اسلام آباد: قومی لائحہ عمل کے تحت سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر صوبائی وزرا اعلی کو خط لکھ دیے گئے۔وزیراعظم کی ہدایت پہ ریلیف کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطوط لکھے ہیں جن کے دستخطوں سے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزرا اعلی کو خطوط بھجوائے گئے، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس اور وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کو بھی خطوط ارسال کیے گئے۔احسن اقبال نے ریلیف کمیٹی کے ہمراہ وزرا اعلی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلی گلگت بلتستان سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔خط میں لکھا ہے کہ جلد ملاقات کا وقت دیا جائے تاکہ سیلاب زدگان کی تیزی سے مدد کے اقدامات پر اشتراک عمل وضع ہوسکے، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں این ڈی ایم اے نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی مدد کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں ہر صوبہ ایک فوکل پرسن مقرر کرے تاکہ سیلاب زدگان کی امدادی عمل کو تیز کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں