0

عمران خان اگر لاڈلہ نہ رہے تو اس سے نمٹنا تین دن کا کام ہے، مریم نواز


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے لاڈلے پن کو تحفظ دینے والے اگر اپنی روش تبدیل کردیں تو عمران خان سے نمٹنا تین دن سے زیادہ کا کام نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس شخص نے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنایا اس شخص کا نام ہی فتنہ خان ہے، عمران خان نے اقتدار میں فوج کی تعریفیں کی جب اقتدار سے اتر گئے تو ایک ادارے کو کبھی نیوٹرل کہا، پھر کہا جو نیوٹرل ہے وہ جانور ہے، پھر اسے متنازع بنایا، اب اگر وہ کسی ایک بات پر قائم رہیں تو ان سے بات کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے آپ کسی خاتون جج کی بھرے جلسے میں عزت اچھالیں اور بعد میں آکر معافی مانگ لیں تو یہ درست نہیں ہے، آپ کا کام تو ہوگیا، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، معافی مانگنے کے باوجود نہال ہاشمی پانچ برس کے لیے نااہل ہوئے، عمران خان کا بیان ناقابل معافی نہیں، ججز کو اس معاملے کو دیکھنا ہوگا اگر عمران خان کو چھوٹ دی گئی تو کل کسی کی عزت محفوظ نہیں ہوگی اور اس میں جوڈیشری برابر کی شریک ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں